بنگلورو،16؍اگست(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اتوار کے روز سابق وزیر او ر چامراج پیٹ کے رکن اسمبلی ضمیر احمد خان کے گھر پر ان سے ملاقات کی اور حال ہی میں ان کے گھر پر پڑنے والے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے چھاپہ کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ اس ملاقات کے دوران ضمیر احمد نے سدارامیا کو بتایا کہ ان کے گھر پر چھاپہ کا تعلق صرف ان کے گھر کی تعمیر سے متعلق تھا۔ اس کا آئی ایم اے یا کسی اور معاملہ سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے اس موقع پر چھاپہ مارنے کے بعد ای ڈی افسرو ں کی طرف سے جو پنچ نامہ تیار کیا گیا اس کی نقل سدارامیا کو دی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر کو نشانہ بنا کر کچھ لوگوں نے ای ڈی سے شکایت کی۔ ایک طرح سے وہ ای ڈی کے چھاپہ کو اپنے لئے بہتر ہی مانتے ہیں۔ اس موقع پر سدارامیا نے مشورہ دیا کہ وہ ایک اچھے وکیل کی خدمات حاصل کریں اور ای ڈی کی طرف سے جو بھی شبہات ظاہر کئے ہیں ان کاازالہ کریں۔
سدارامیا نے اس موقع پر اخباری نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضمیر احمد نے انہیں گھر کے افتتاح کے موقع پر مدعو کیا تھا لیکن نہیں آ سکے۔ اب وہ آئے ہیں۔ اس موقع پر ضمیر نے انہیں ای ڈی کے چھاپہ کے بارے میں تمام تفصیلات دی ہیں اور کہا ہے کہ چھاپہ صرف گھر کے تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس سلسلہ میں ضمیر کے وکیل اور اکاؤنٹنٹ نپٹیں گے۔سدارمیا نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ چھاپہ سیاسی بدنیتی سے کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے ہر بار اپنے سیاسی حریفوں کو خاموش کرنے کے لئے سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتی رہی ہے۔